Monday, December 23, 2024
ہومSportsایشین چمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ہندوستان نے جنوبی کوریا کو...

ایشین چمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ہندوستان نے جنوبی کوریا کو 1-4 سے شکست دی، فائنل میں چین سے ہوگا مقابلہ


چین کے ہولونبر میں منعقد ہو رہے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے دن سے ہی زوردار کھیل کا مظاہرہ کیا جو سیمی فائنل تک جاری رہا، آج کی جیت ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی لگاتار چھٹی جیت ہے۔

جنوبی کوریا کے خلاف گول داغنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی جشن مناتے ہوئے، تصویر@TheKhelIndia

user

ہندوستان کی ہاکی ٹیم نے آج ایشین چمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلہ میں جنوبی کوریا کو 1-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اولمپک کے بعد پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہی ہندوستانی ٹیم نے 16 ستمبر کو ہوئے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو بہ آسانی ہرا دیا اور فائنل میں چین سے مقابلے کا راستہ ہموار کر دیا۔

موجودہ چمپئن ہندوستانی ٹیم اب اپنے پانچویں خطاب کے بہت قریب پہنچ گئی ہے۔ ٹیم کو آج ملی جیت کے اسٹار ایک بار پھر کپتان ہرمن پریت سنگھ رہے جنھوں نے دو گول داغے اور ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ فائنل میں چین کے سامنے بھی ہندوستانی کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کو اسی طرح بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ چین کے ہولونبر میں منعقد ہو رہے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے دن سے ہی زوردار کھیل کا مظاہرہ کیا جو سیمی فائنل تک جاری رہا۔ لیگ اسٹیج کے سبھی 5 میچ جیتنے کے بعد کوچ گریگ فلٹن کی ٹیم نے آج چھٹے میچ میں بھی آسانی سے جیت حاصل کر لی۔ جنوبی کوریا کے خلاف ہوئے اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے کوارٹر سے ہی گول داغنے شروع کر دیے اور تیسرے کوارٹر کے آخر تک ہی 1-4 کی سبقت حاصل کر لی تھی۔

پہلا کوارٹر ختم ہونے سے ٹھیک پہلے 13ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے اتم سنگھ نے پہلا گول داغا اور 0-1 کی سبقت دلا دی۔ پھر دوسرے کوارٹر میں جلد ہی یہ سبقت 0-2 کی ہو گئی۔ اس بار میچ کے 19ویں منٹ میں کپتان ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر سے زوردار شاٹ داغا اور گول کر دیا۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے 2 گول اپنی جھولی میں ڈالے۔ 32ویں منٹ میں ہی ہرمن پریت سنگھ نے اسکور کو 0-3 کر دیا لیکن ایک منٹ بعد ہی کوریا کو پہلی کامیابی ملی۔ اس کے لیے 33ویں منٹ میں یینگ جیہون نے پنالٹی کارنر میں گول کیا۔ اس کوارٹر کے آخری منٹ میں ہرمن پریت نے پھر گول داغ کر جیت پر مہر لگا دی۔ آخری کوارٹر میں کسی بھی ٹیم نے ایک بھی گول نہیں کیا، اس طرح ہندوستانی ٹیم کو 1-4 سے جیت ملی اور فائنل میں داخلہ بھی حاصل ہو گیا۔

فائنل میں ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ چین سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہرا دیا۔ اس سیمی فائنل میں 60 منٹ تک اسکور 1-1 کی برابری پر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے کیا گیا۔ یہاں پاکستانی کھلاڑی کوئی بھی گول نہیں داغ سکے، جبکہ چین نے 2 گول داغ دیے اور 0-2 سے میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ فائنل مقابلہ کل یعنی 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیمیں لیگ مقابلے میں نبرد آزما ہو چکی ہیں جس میں ہندوستان نے 0-3 سے جیت حاصل کی تھی۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستانی ٹیم خطاب جیتنے کی مضبوط دعویدار ہے۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں