بابر اعظم کے ساتھ کھیلنے والے کرکٹر کلیم ثناء بابر اعظم کی وکٹ لینے کےلیے پُرامید ہیں، کہتے ہیں کہ بابر سے مقابلے میں بچپن کی دوستی آڑے نہیں آئے گی۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کینیڈین ٹیم کے فاسٹ بولر کلیم ثناء کا کہنا تھا کہ 2009 میں پاکستان انڈر۔19 ٹیم سے منتخب ہوا۔ 2010 میں انڈر۔19 ورلڈکپ کےلیے سلیکٹ ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم کے ساتھ 8 سال کرکٹ کھیلی، انڈر۔16 سے ساتھ تھا۔ پاکستان میں جو آخری فرسٹ کلاس کھیلا تھا اس میں بھی بابر حریف ٹیم میں تھا۔
کلیم ثناء کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیدا ہوا، لیکن اب کینیڈا کا کھلاڑی ہوں، ورلڈکپ میچ کےلیے پُرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری فیملی اور دوست جو پاکستان میں ہیں، کل ان کی سپورٹ تقسیم رہے گی۔ گھر والے مجھے سپورٹ کریں گے مگر وہ چاہیں گے کہ پاکستان جیتے۔
پاکستانی نژاد کینیڈین کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈکپ کےلیے کافی محنت کی ہے۔ کینیڈا کی ٹیم کا مورال اس وقت کافی بلند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دو میچز ہارنے کے بعد دباؤ میں ہوگا۔ ہم پاکستان کو ہرانے کےلیے پورا پلان کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم بھی ورلڈ کپ کھیلنے اور اچھا کرنے آئے ہیں۔ میں نیا گیند کرتا ہوں اس لیے میرا ہدف بابر اور رضوان کی وکٹ لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر سے مقابلے میں بچپن کی دوستی آڑے نہیں آئے گی۔ بابر آج کل تنقید کی زد میں ہے لیکن وہ اب بھی چار بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں۔
کلیم ثناء کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈومیسٹک پر بات کرنے کا حق نہیں مگر سمجھتا ہوں کہ پرفارمرز کو موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انڈر۔19 کے دور میں میرا بھی ارمان تھا کہ پاکستان کےلیے کھیلوں۔ جب پاکستان انڈر 19 کیلئے منتخب ہوا تھا تو کافی اچھا محسوس ہوا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے پلیئرز کے ساتھ کھیلا ہوں، ان کے بارے میں اندازہ ہے، بابر اعظم کیخلاف بولنگ کرواتے وقت کوئی پریشر نہیں ہوگا۔ ٹیم کا اس ورلڈ کپ میں یہی ہدف تھا کہ دو تین میچز ضرور جیتیں۔ خواہش ہے کہ میں بھی وکٹیں حاصل کروں۔