کے ایل راہل ہندوستان کی جانب سے واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو ابھی فارم میں ہیں۔ کے ایل راہل نے رواں سیریز کے 3 میچوں کی 6 پاریوں میں 47 کی شاندار اوسط سے 235 رن بنائے ہیں۔
آسٹریلیا میں جاری بارڈر-گواسکر ٹرافی سے ٹیم انڈیا کے لیے ایک اور بُری خبر سامنے آ رہی ہے۔ دراصل آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ سے قبل اتوار کو ہندوستانی کپتان روہت شرما پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے ہیں۔ روہت شرما تھرو ڈاؤن ماہر کے ساتھ پریکٹس کر رہے تھے تبھی گیند ان کے پیڈ کو چھوتے ہوئے گھٹنے پر جا لگی۔ واضح ہو کہ روہت سے قبل ہندوستانی بلے باز کے ایل راہل بھی پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ پریکٹس کے دوران کے ایل راہل کو ہاتھ میں چوٹ لگ گئی تھی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ میلبورن میں 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز 1 ڈرا کے ساتھ 1-1 سے برابری پر ہے۔
سوشل میڈی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے گھٹنے پر آئس پیک لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ روہت شرما رواں سیریز میں فارم حاصل کرنے کے لیے کافی جد و جہد کر رہے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی جانکاری نہیں مل پائی ہے کہ روہت شرما کی چوٹ کتنی سنگین ہے۔ دوسری جانب کے ایل راہل کے زخمی ہونے کے بارے میں بھی کوئی اپڈیٹ نہیں آیا ہے۔ کے ایل راہل کا چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہونا کافی اہم ہے کیوں کہ ہندوستان کی جانب سے راہل ہی واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو ابھی فارم میں ہیں۔ کے ایل راہل نے رواں سیریز کے 3 میچوں کی 6 پاریوں میں 47 کی شاندار اوسط سے 235 رن بنا لیے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) جہاں بارڈر-گواسکر ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ کھیلا جانا ہے وہاں ہندوستانی ٹیم کا پلڑا آسٹریلیا پر بھاری نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں کے اندر ہندوستانی ٹیم کو ایم سی جی میدان میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم نے اس میدان پر 2014 کے سے لے کر اب تک کُل 3 مقابلے کھیلے ہیں۔ 3 میچوں میں ہندوستانی ٹیم کو 2 میں جیت حاصل ہوئی جبکہ 1 میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا یعنی کہ ڈرا رہا۔ ماضی کے یہ اعداد و شمار ہندوستانی ٹیم کے لیے باعث راحت ہے کیونکہ ٹیم انڈیا کو بقیہ دونوں میچوں میں کسی بھی صورت میں جیت درج کرنی ہے۔ تاکہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کی امید باقی رہ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔