بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ زیادہ وزن کے باعث پیرس اولمپکس کے فائنل سے باہر ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ ونیش پھوگٹ کا وزن مطلوبہ حد سے زیادہ پایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ونیش پھوگٹ عام طور پر 53 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیتی ہیں لیکن پیرس اولمپکس کے لیے انہوں نے اپنا وزن کم کر کے 50 کلو تک کرلیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے اپنا وزن نیچے لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، خاتون ریسلر نے کھانا پانی چھوڑا، بال کاٹے اور دوڑ بھی لگائی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون ریسلر کو ڈس کوالیفائی کردینے کے بعد جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے کی وجہ سے اسپتال بھی لے جایا گیا تھا، ان کی حالت اب بہتر بتائی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کوچ نے انکشاف کیا ہے کہ بدھ کی صبح ونیش پھوگٹ کا وزن صرف 100 گرام زیادہ پایا گیا، اگرچہ مارجن چھوٹا تھا لیکن قوانین استثنیٰ کی اجازت نہیں دیتے۔