مانامہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )بحرین میں ایشین انڈر18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کوریا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرلیا۔
پاکستان اور کوریا کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کے نوجوان پلیئرز نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔میچ کے دوران ایک موقع پر پاکستان کو 1-2 کی برتری حاصل تھی لیکن کوریا نے مقابلہ برابر کردیا پھر پاکستان نے فیصلہ کن فریم میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کی۔پاکستان کی جیت میں جنید، ابوبکر اور یحییٰ نے اہم کردار ادا کیا، جیت کا سکور 25-22، 23-25، 17-25، 25-20، اور 13-15 رہا۔ایونٹ میں پاکستان ٹیم پیر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی، 2023 میں ہونیوالے ایونٹ میں بھارت تیسری پوزیشن پر رہا تھا۔پاکستان ٹیم انڈیا کیخلاف بھی اپنی جیت کا مومینٹم برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔