(24 نیوز ) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل سابق ویسٹ انڈین لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کی افغانستان سے متعلق کی گئی پیش گوئی سچ ثابت ہوگئی۔
منگل کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل سابق کرکٹرز کی جانب سے ایونٹ کی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی تھی،زیادہ تر سابق کرکٹرز نے بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے نام لیے تھے،تاہم سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا واحد کرکٹر تھے جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے افغانستان ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی پیش گوئی کی تھی۔
خوش قسمتی سے بنگلادیش کے خلاف فتح کے بعد افغانستان ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی اور ساتھ ہی برائن لارا کی پیشگوئی بھی سچ ثابت ہوگئی،یہی وجہ ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ‘یہ ناقابل یقین ہے، برائن لارا واحد انسان تھے جنہوں نے ہماری سیمی فائنل میں پہنچنے کی پیشگوئی کی تھی اور ہم نے انہیں درست ثابت کر دیا’۔
واضح رہے افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے،گروپ ون سے بھارت اور افغانستان جبکہ گروپ 2 سے انگلینڈ اور جنوبی افریقا نے کوالیفائی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صابر شاکر، معید پیرزادہ سمیت اہم یوٹیوبرز کو بڑا جھٹکا،انسداد دہشتگردی عدالت کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو اہم حکم