پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے بنگلادیش کے خلاف 21 اگست سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں مکمل پیس اٹیک کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں اسپنر ابرار احمد اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ابرار احمد جو پاکستان ٹیسٹ سائیڈ کا حصہ تھے، اب بنگلادیش اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے، یہ چار روزہ میچ 20 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔
سلیکٹرز نے ابرار احمد کو ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے شاہینز اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ 30 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل میچ پریکٹس حاصل کر سکیں۔
کامران غلام کو بھی پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے شاہینز کے لیے برقرار رکھا گیا ہے اور انہیں دوسرے 4 روزہ میچ کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
دوسرے 4 روزہ میچ کے اختتام کے بعد ابرار احمد اور کامران غلام دوبارہ ٹیسٹ اسکواڈ جوائن کر لیں گے۔