ٹیسٹ سیریز کی فاتح بنگلا دیشی ٹیم اور مینجمنٹ ارکان کراچی ایئر پورٹ سے دو مختلف پروازوں سے دبئی اور قطر روانہ ہوگئے ہیں۔
وطن واپس جانے کے لیے بنگلا دیشی ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشل رات گئے اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے۔
انہوں نے گزشتہ رات کراچی کے ہوٹل میں قیام کیا۔
وطن واپس جانے والی فاتح ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں کراچی ایئر پورٹ پہنچایا گیا۔
ٹیم اور آفیشل کراچی سے دبئی اور دوحہ کے راستے دو مختلف پروازوں سے بنگلا دیش پہنچیں گے۔
مقدمہ قتل، شکیب الحسن وطن واپس نہیں جا رہے
واضح رہے کہ قتل کے مقدمے میں نامزد بنگلا دیش ٹیم کے کھلاڑی شکیب الحسن وطن واپس نہیں جا رہے۔
سینئر کھلاڑی رات کو ٹیم سے الگ ہو کر تنہا کراچی سے فلائٹ ای کے 607 سے دبئی چلے گئے ہیں۔
ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن نے کراچی سے دبئی کا ٹکٹ حاصل کیا تھا، وہ فی الحال دبئی میں قیام کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کی بنگلا دیش واپسی کا فیصلہ نگراں حکومت کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں موجودگی کے دوران شکیب الحسن کے خلاف 22 اگست کو ڈھاکا میں نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔
ان پر حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گارمنٹس فیکٹری ملازم محمد روبیل کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فیکٹری ملازم محمد روبیل کو مظاہرے کے دوران قتل کیا گیا تھا۔