ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد شامی نے ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ مبینہ شادی کی تیزی سے پھیلتی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا کی پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیٰحدگی کے بعد سے یہ افواہیں آن لائن گردش کررہی تھیں کہ ثانیہ مرزا اب محمد شامی سے شادی کریں گی۔
سوشل میڈیا کی مختلف پوسٹس میں یہ قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ شامی اور ثانیہ شادی کرنے والے ہیں اس کے ساتھ ایڈٹ شدہ تصاویر آن لائن گردش کررہی تھیں۔
یوٹیوب پر شوبھنکر مشرا کے ساتھ گفتگو میں جب محمد شامی سے ان افواہوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس طرح کی خبروں کو آن لائن پھیلانے والوں پر کڑی تنقید کی۔فاسٹ باؤلر نے لوگوں سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ جھوٹ پھیلانے سے گریز کریں اور یہ بھی کہا کہ اس طرح کے میمز اگرچہ تفریح فراہم کر سکتے ہیں لیکن یہ نقصان دہ بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کریں اور ایسی بے بنیاد خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔محمد شامی کا کہنا تھا کہ ‘ میں مانتا ہوں میم آپ کے مذاق کے لیے ہیں لیکن کسی کی زندگی سے متعلق ہوتی ہے، تو آپ کو بڑی سوچ سمجھ کر میم بنانا چاہیے، آج آپ ویریفائیڈ نہیں ہو، آپ کا ایڈریس نہیں ہے، مشہور نہیں ہو تو آپ بول سکتے ہو’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لیکن میں ایک چیز بولنا چاہوں گا کہ اگر آپ میں دم ہے تو ویریفائیڈ پیج سے بول کر دکھاؤ، دوسرے کی ٹانگ کھینچنا بہت آسان ہے، کامیابی حاصل کرو اپنا لیول اوپر کرو تب میں مانوں گا آپ اچھے انسان ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ثانیہ مرزا اور محمد شامی کو بطور ایک جوڑا پیش کرتی ترمیم شدہ تصاویر انٹرنیٹ پر گردش کر رہی تھیں اور دعویٰ کیا جارہا تھا کہ رواں سال اگست میں دونوں شادی کرنے جارہے ہیں۔بھارتی میڈیا کا بے انتہا وثوق سے دونوں کی اگست میں شادی کا دعویٰ کرنا ناصرف ثانیہ مرزا بلکہ محمد شامی کے مداحوں کو بھی حیران کرگیا تھا۔