(24نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابو ظہبی ٹی 10 لیگ میں شامل فرینچائز پونے ڈیولز کے سابق اسسٹنٹ کوچ سنی ڈھِلن پر 6برس تک ہر قسم کی کرکٹ کا حصہ بننے پر پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر لگائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنی ڈھِلن ان 8افراد میں سے ایک ہیں جن پر گزشتہ برس میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا،ان افراد میں بنگلادیشی آل راؤنڈر ناصر حسین، پونے ڈیولز کے شریک مالکان کرشن کمار چوہدری اور پراگ سانگھوی، 2 ڈومیسٹک کھلاڑی، ان کے بیٹنگ کوچ اشعر زیدی اور ٹیم منیجر شاداب احمد شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کھیل کو خراب کرنے کی کوششوں کو آئی سی سی اور ڈیزیگنیٹڈ اینٹی کرپشن آفیشل (ڈی اے سی او) کی جانب سے روکا گیا۔
سنی ڈھِلن پر پابندی کا اطلاق 13 ستمبر 2023 سے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا