نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ٹیم کے سٹار کھلاڑی ویرات کوہلی کی رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ورلڈ کپ میں روہت شرما کی شمولیت سے متعلق تو تصدیق کر دی ہے تاہم اب تک ویرات کوہلی کو سکواڈ کا حصہ بنانے سے متعلق تصدیق نہیں کی گئی، افغانستان کے خلاف ویرات کوہلی کی واپسی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کی تصدیق کی تھی لیکن تاحال ویرات کوہلی کی شمولیت کا معاملہ لٹکا ہوا ہے۔ دوسری جانب سلیکشن پینل کے سربراہ اجیت اگرکر ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویرات کوہلی کو منتخب کرنے کے خواہاں نہیں کیونکہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ تجربہ کار کھلاڑی مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی ویرات کوہلی کی شمولیت کا فیصلہ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر پر چھوڑ دیا ہے۔