قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ایک بار پھر زندگی میں بیٹیوں کی اہمیت بیان کی ہے۔
شاہد آفریدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سعودی عرب سے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ کے ہمراہ اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’میں اپنی زندگی کی روشنی یعنی اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کے ساتھ عمرے پر جا رہا ہوں‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ’میں تمام بیٹیوں کے والدین کے لیے دعا گو ہوں جیسا کہ بیٹیاں اللّٰہ کی رحمت ہوتی ہیں، اس لیے ان کی تمام خواہشات کو پورا کرنا اور ان کی اچھی تربیت کرنا دین کی بہترین خدمات میں سے ایک ہے‘۔
شاہد آفریدی نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ’اللّٰہ تعالیٰ ہماری تمام خواتین کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے، آمین‘۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں اور وہ خود کو بیٹیوں کا باپ ہونے پر خوش قسمت انسان قرار دیتے ہیں۔
وہ اکثر ہی اپنے انٹرویوز میں نبی کریم ﷺ کے بیٹیوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی مثال دیتے ہوئے زندگی میں بیٹیوں کی اہمیت اور ان کی اچھی تربیت پر زور دیتے نظر آتے ہیں۔