ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی کئی رنگوں کے حامل لباس میں بنائی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ثانیہ مرزا کی طرف سے یہ تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ کی گئی ہیں جن میں انہوں نے قوس قزح کی طرح کا رنگ برنگا لباس زیب تن کر رکھا ہوتا ہے، جس میں وہ انتہائی دلکش لگ رہی ہیں اور صارفین ان کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ان کے لباس کی بھی تعریف کر رہے ہیں۔
کمنٹس سیکشن میں کئی صارفین ان تصاویر کو دیکھ کر ثانیہ مرزا سے یہ پوچھتے پائے جا رہے ہیں کہ ’’کیا آپ نے ماڈلنگ شروع کر دی ہے؟‘‘ رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا ٹینس کی بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی فیشن سینس کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہے۔ انہیں ٹینس کی دنیا میں سب سے زیادہ فیشن ایبل ایتھلیٹس میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔
ثانیہ مرزا نے فروری 2023ء میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اس کے بعد سے وہ فیشن کی دنیا میں بھی اپنا نام بنا رہی ہیں اور اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر آئے روز نئے فوٹوشوٹ کی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔ ان حالیہ تصاویر کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’ہم افراتفری کے ماحول میں رہتے ہیں۔‘‘اس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے قوس قزح کا ایموجی بھی شامل کیا ہے۔