Tuesday, December 24, 2024
ہومSportsجب نیرج چوپڑا کی تھرو مس ہوئی تو ارشد نے بھانپ لیا...

جب نیرج چوپڑا کی تھرو مس ہوئی تو ارشد نے بھانپ لیا کہ گولڈ میڈل ان کا ہے


  • پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو مقابلے میں اپنی دوسری تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹر پھینک کر اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
  • جب میں نے تھرو پھینکی تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے: ارشد ندیم
  • ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
  • ارشد کی کامیابی کے بعد ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں خوشی کا سماں
  • حکومتِ سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ویب ڈیسک _ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں نہ صرف گولڈ میڈل جیت لیا بلکہ زیادہ دور نیزہ پھینکنے کا اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر لیا ہے۔

ارشد ندیم کی کامیابی پر نہ صرف پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی ان کی کامیابی پر خوش ہیں۔

پاکستانی سیاست دانوں سمیت کھیلوں کے شعبے سے وابستہ شخصیات اور اداکاروں نے انہیں مبارک باد دی ہے جب کہ کئی نے ان کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے میں جمعرات کو بھارت کے نیرج چوپڑا اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہے تھے اور مجموعی طور پر پانچ ایتھلیٹس کے درمیان میڈلز کا مقابلہ تھا۔

مقابلے کا آغاز ہوا تو ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹر پھینک کر اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس تھرو کے بعد ارشد نے فضا میں ہاتھ بلند کر کے جشن بھی منایا۔

ارشد کے مطابق “جب میں نے تھرو پھینکی تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میرا ہاتھ میرے ساتھ نہیں ہے اور مجھے لگا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔”

ارشد ندیم کے مدِ مقابل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا جب اپنی آخری تھرو زیادہ دور پھینکنے میں ناکام ہوئے تو ارشد سجدہ ریز ہو گئے۔

ارشد کے مطابق وہ گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پرامید تھے اور انہیں لگتا تھا کہ آج ان کا دن ہے۔

چوپڑا کو جیولن تھرو مقابلے میں فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن وہ 89 اعشاریہ 45 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور سلور میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

چوپڑا نے کہا کہ وہ اپنی آج کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں کیوں کہ مدِ مقابل ارشد کے مقابلے میں ان کی تکنیک اور تھرو پھینکے کی دوڑ درست نہیں تھی۔

ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ اس سے قبل 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ارشد کی کامیابی کے بعد ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں خوشی کا سماں ہے۔ رات گئے سینکڑوں افراد ان کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور آتش بازی کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

حکومتِ سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں ایتھلیٹ اکیڈمی بنائی جائے گی جسے ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

میئر سکھر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج دینے اور زیرِ تعمیر اسٹیڈیم کا نام ارشد ندیم کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح گورنر سندھ نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

(اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ سے لی گئی ہیں۔)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں