میلبورن (آئی این پی)آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر خواتین کے حقوق میں بہتری تک افغانستان سے سیریز نہ کھیلنے کا موقف دو ہرا دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نکی ہوکلے نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سیریز کے معاملے پر افغان کرکٹ بورڈ سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں اور امید ہے دونوں ٹیموں میں مستقبل میں دو طرفہ سیریز بحال ہوگی۔نکی ہوکلے نے کہا کہ افغانستان نے انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کیساتھ بہترین ٹورنامنٹ کھیلا ہے لیکن دوطرفہ سیریز کے حوالے سے ہم آسٹریلوی حکومت سمیت سٹیک ہولڈرز کیساتھ جامع مشاورت کر چکے ہیں، ہم ماضی میں افغانستان کیساتھ متعدد سیریز انسانی حقوق کی بنیاد پر ملتوی کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آسٹریلیا میں موجود افغان خواتین نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے کہ آئی سی سی اس معاملے کا جائزہ لے، جولائی میں کولمبو میں ہمارا اجلاس ہو گا اور مجھے یقین ہے کہ وہاں یہ موضوع بحث کا حصہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم افغان خواتین کرکٹ برادری سے رابطے میں ہیں اور انہیں برادری کی جانب سے جواب مل رہا ہے لیکن اس معاملے سے ہم براہ راست جڑے ہوئے نہیں ہیں، خواتین کے حقوق کے حوالے سے طالبان حکومت کے مقف کی وجہ سے افغانستان کیساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا اس سے قبل افغانستان کے ساتھ تین سیریز یہ جواز پیش کرتے ہوئے ملتوی کرچکا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی صورتحال سنگین تر ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایونٹس میں مقابلے ہوتے رہے ہیں۔