دنیا کے مقبول ترین پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر انٹری دیتے ہی کئی ریکارڈ توڑ دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل ‘UR—Cristiano’ بدھ کے روز لانچ کیا اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر انہوں نے سلور، گولڈن اور ڈائمنڈ بٹن اپنے نام کر لیے۔
ان کا یوٹیوب چینل پہلے 90 منٹ میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا چینل بھی بن گیا ہے۔
گوکہ انہوں نے 8 جولائی کو یوٹیوب جوائن کیا تھا تاہم انہوں نے اپنے چینل پر باقاعدہ ویڈیوز شیئر کرنے کا آغاز یوٹیوب جوائن کرنے کے اعلان کے بعد 21 اگست سے کیا ہے۔
صرف 4 دنوں میں 20 ویڈیوز اور شارٹس کے ساتھ ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 42 ملین سے زائد ہو گئی ہے۔
اگر ہم کرسٹیانو رونالڈو کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بات کریں تو ان کے ایکس پر 112.6 ملین اور انسٹاگرام پر 636 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ ایسے میں کئی صارفین یہ سوچ رہے ہیں کہ رونالڈو نے مختصر دورانیے میں کتنی کمائی کر لی ہے۔
اگر آپ کا شمار بھی ایسے صارفین میں ہوتا ہے تو ہم آپ کو اس حوالے سے بتاتے ہیں۔
رونالڈو نے ’یو آر کرسٹینا ‘ نامی یوٹیوب چینل پر تین دن میں 12 ویڈیوز اپ لوڈ کیں جن کو کروڑوں صارفین نے دیکھا اور پسند کیا، یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں 39سالہ فٹبالر نے تین دن میں 3کروڑ 20 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کیا وہیں ان کے مداح یہ بھی سوچ رہے کہ آخر ان کو اس چینل سے کتنی آمدنی ہوئی ہوگی؟
ڈیجیٹل میڈیا کے ماہرین کے مطابق یوٹیوب چینلز ایک ہزار ویوز پر عام طور پر چھ امریکی ڈالر تک کما سکتے ہیں جبکہ 10 لاکھ ویوز پر ملنے والی رقم 12 سو سے چھ ہزار امریکی ڈالرز تک ہو سکتی ہے۔
رونالڈو کے چینل کی تفصیلات سے ان کے ویوز کا اندازہ کیا جائے تو ان کے ویوز کی تعداد 12 کروڑ 10 لاکھ سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ اگر حساب لگایا جائے تو یوٹیوب کے ویوز اور ممکنہ اسپانسر شپس سے ان کو اب تک کئی سو ملین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوچکی ہے۔
رونالڈو اپنے یوٹیوب چینل سے کتنا کما سکتے ہیں:
رپورٹ کے مطابق اوسطً یوٹیوب صارف فی ہزار ویوز پر 6 ڈالر تک کما سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ویڈیوز پر 10 لاکھ ویوز کے لیے تخمینی آمدنی 12 سو سے 6 ہزار ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔
تاہم اب تک رونالڈو یوٹیوب پر 100 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکے ہیں، اس حساب سے اندازہ لگائیں تو اشتہار کی آمدنی، دستخط شدہ اسپانسرشپ اور ان کی اسٹار پاور کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جاتی ہے کہ انہوں نے اب تک کئی سو ملین ڈالرز کما لیے ہیں۔