جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی، فالو آن کے بعد دوبارہ بیٹنگ کرتے ہوئے شان مسعود اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔
شان مسعود نے 102 اور بابر اعظم نے 81 رنز کے ساتھ 205 رنز کی نہ صرف جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ بنائی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں فالو آن کے بعد سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بھی بنادیا۔
اس سے قبل میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز کا بڑا اسکور کرتے ہوئے پاکستان پر مکمل غلبہ حاصل کیا۔ جس کے بعد پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر آل آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوگئی۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے شاندار سنچری اسکور کی، یہ ان کی چھٹی سنچری تھی۔
تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنائے، پاکستان اب بھی 208 رنز کے خسارے میں ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے مزید 8 وکٹیں درکار ہیں۔