لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق کرکٹر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور کترینہ کیف کی ماضی میں دوستی کے حوالے سے دلچسپ قصہ سنادیا۔
جیونیوز کے پروگرام ”ہنسنا منع ہے،، میں میزبان تابش ہاشمی نے وہاب ریاض سے سوال کیا کہ میں نے جس کسی سے بھی پوچھا کہ وہ کون سا کھلاڑی ہے جو لمبی لمبی ہانکتا ہے تو سب شعیب اختر کا نام لیتے ہیں؟ اس حوالے سے آپ کے پاس بھی ماضی کا ایک قصہ ہے، آپ کیا کہیں گے؟سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے ماضی کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ہم شعیب اختر، محمد حفیظ، مصباح الحق، عمر اکمل اور احمد شہزاد سب نیوزی لینڈ میں شعیب اختر کے روم میں کھانا کھارہے تھے اس روز ٹی وی پر ’شیلا کی جوانی‘ گانا چل رہا تھا، اس دوران شعیب اختر نے ہمیں کہا کہ کترینہ کیف سے میری اچھی دوستی ہے۔
وہاب ریاض نے بتایا کہ یہ وہ وقت تھا جب شعیب اختر بھارت سےانڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل )کھیل کر آئے تھے اس وقت شعیب اختر کی کترینہ کیف سے بھی ملاقات ہوئی تھی کیونکہ سلمان خان بھی شعیب اختر کے دوست ہیں اس لیے انہوں نے یہ بات کی ہو۔سابق کرکٹر نے مزید بتایا کہ شعیب اختر کی بات پر محمد حفیظ چونک گئے اور کھانا کھاتے ہوئے ہاتھ روک کر شعیب کے سامنے ہاتھ جوڑے اور کہا کہ ’یہ میرے ہاتھ دیکھو خدا کا واسطہ جھوٹ نہ بولو‘۔
اس پر شعیب اختر نے ان سے کہا کہ کیا تم مجھے جھوٹا کہہ رہے ہو؟ میری کترینہ سے ملاقات ہوئی، اس کے بعد شعیب اختر نے ہم سب کو کمرے سے نکال دیا اور ہمارا کھانا بھی ضائع ہوگیا جس کے بعد ہم نے ریسٹورینٹ جاکر کھانا کھایا۔وہاب ریاض نے کہا کہ شعیب اختر ایک بہترین شخصیت ہیں، ان کے ساتھ رہتے ہوئے کوئی بھی شخص کبھی بور نہیں ہوسکتا، بس اس وقت محمد حفیظ کا برا وقت تھا انہوں نے ہم سب کو باہر نکال دیا۔