اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر شاہ زیب رند کو عالمی کراٹے کومبیٹ چیمپئن شپ سنگاپور جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اس کارنامے پر 10 کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔
شاہ زیب رند نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کراٹے کے کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے پر شاہ زیب رند کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے بس انہیں مواقع دیے جانے کی ضرورت ہے۔کھیلوں کے شعبے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شاہ زیب خان رند مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔
یاد رہے کہ شاہ زیب رند حال ہی میں سنگاپور میں ہونے والی عالمی کراٹے کومبیٹ چیمپئن شپ میں برازیل کے فائٹر برونو روبرٹو ڈی ایسز کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بنے ہیں۔