Monday, December 23, 2024
ہومSportsعماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان



  • عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا اعزاز ہے: عماد وسیم
  • فینز اور سپورٹرز کی حمایت، محبت اور جذبہ سب سے بڑی طاقت رہا: آل راؤنڈر
  • بائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور بالنگ کرنے والے چھتیس سالہ عماد وسیم نے سال 2015 میں اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈیبیو کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعے کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ عماد نے لکھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور گرین شرٹ پہننے کا ہر لمحہ ناقابلِ فراموش تھا۔

فینز اور سپورٹرز کے لیے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ کی غیر متزلزل حمایت، محبت اور جذبہ ہمیشہ ان کی سب سے بڑی طاقت رہا۔ عماد وسیم کے بقول وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھیں گے۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور بالنگ کرنے والے چھتیس سالہ عماد وسیم نے سال 2015 میں اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈیبیو کیا تھا۔

عماد وسیم نے اس سے قبل نومبر 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مارچ 2024 میں ان کی جانب سے کی گئی ایک ایکس پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی حکام سے ملاقات کے بعد وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں۔

اس ریٹائرمنٹ کی واپسی کے بعد انہیں اور محمد عامر کو اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

عماد وسیم اور محمد عامر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں بھی پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔ لیکن دونوں کھلاڑی کوئی متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

عماد وسیم نے اپنے انٹرنیشنل کریئر میں 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی۔

انہوں نے ایک روزہ میچز میں مجموعی طور پر 986 رنز اسکور کیے اور 44 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی میں ان کے حصے میں 73 وکٹیں آئیں جب کہ انہوں نے 554 رنز اسکور کیے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں