پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دو ابتدائی میچز نیوزی لینڈ کے خلاف ہار چکا لیکن قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک کو آنے والے دنوں میں اعظم خان سے اچھی پرفارمنس کی امید ہے۔
نیوزی لینڈ میں کھیلی جا رہی پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان اپنے دو ابتدائی میچز ہار چکا ہے۔ ان دونوں میں میچوں میں ناکامی کی ایک وجہ بیٹنگ کی ناکامی بھی رہی اور سوائے بابر اعظم اور فخر زمان کے کوئی بھی بیٹر نہیں چل سکا۔
نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان بھی ناکام بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں جو پہلے میچ میں 10 اور دوسرے میچ میں صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ تاہم قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک کو اعظم خان سے امیدیں وابستہ ہیں۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈم ہولیوک نے کہا کہ اعظم خان باصلاحیت کھلاڑی اور پاور فل بیٹر ہیں لیکن ابتدائی دو میچوں میں وہ اس طرح سے پرفارم نہ کر سکے تاہم مجھے امید ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اچھا پرفارم کریں گے۔
قومی بیٹنگ کوچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم مثبت سوچ رہی ہے، ابھی تین میچز ہیں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے لیکن جیت کے لیے بیٹرز اور بولرز دونوں کو پرفارم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ نے پہلے میچ کی نسبت دوسرے میچ میں ورائٹی بولنگ کی ورنہ ہدف زیادہ بھی ہو سکتا تھا۔ 195 کا تعاقب آسان نہ تھا لیکن ٹیم نے پھر بھی اچھی کوشش کی اور دونوں میچوں کے پہلے پاور پلے میں ہم اچھا کھیلے۔
پاکستانی بیٹنگ کوچ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مشکل سیریز کے بعد یہاں بھی مشکل میچز ہوئے۔ تمام کھلاڑی ٹریننگ میں سخت محنت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا میچ بدھ 17 جنوری کو شیڈول ہے جس کے لیے قومی ٹیم ڈنیڈن پہنچ چکی ہے۔