میاں چنوں(ڈیلی پاکستان آن لائن)گولڈمیڈلسٹ ارشد ندیم نے کہاہے کہ لوگوں کا پیار دیکھ کر مجھے خوشی سے نیند نہیں آ رہی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہاکہ 2016میں پہلا انٹرنیشنل ایونٹ کھیلا،ٹوکیو اولمپکس کے بعد پیرس اولمپکس کیلئے بھرپور محنت کی،8اگست کو محنت کا پھل ملا،ان کاکہناتھا کہ فروری 2024میں سرجری ہوئی 2بار انجری کا بھی شکار ہوا تھا،میرے کوچ نے بہت محنت کی مجھے حوصلہ نہیں ہارنے دیا، میرے کوچ نے ٹریننگ پر بہت محنت کی ڈاکٹر نے ری ہیب میں مدد کی،انجری سے بچنے کیلئےبھی کوشش کرتا رہا، جب رن اپ سٹارٹ کیا بہت اچھا محسوس کررہا تھا۔
فخر پاکستان کاکہناتھا کہ دوسری تھرو کے وقت ذہن میں تھا کہ لگ جائےگی،اگردوسری تھرو نہ لگتی تو تیسری میں پریشر ہوتا،ان کاکہناتھا کہ نیرج سے بہت اچھی دوستی ہےمیدان میں اپنے اپنے ملک کیلئے پرفارم کرتے ہیں ،کوشش ہے کہ نیرج چوپڑاسے دوستی طویل عرصے تک چلتی رہے۔
ارشد ندیم نے کہاکہ 2012میں کافی ایونٹس کھیلے کامیابیاں حاصل کیں ،واپڈا نے مجھ سمیت دیگرقومی ہیرو ز کو بھی نوکری فراہم کی،ان کاکہناتھا کہ جیسے وطن واپس پہنچا سب نے بہت اچھے سے استقبال کیا،میڈل جیتنے کے بعد امی اور گھروالوں سے فون پر بات کی ،جب اپنے گاؤں پہنچا آس پاس کے گاؤں اکٹھے تھے ،دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے بہت سپورٹ کیا گیا،آگے بھی پاکستان کیلئے میڈل جیتنے کی کوشش کروں گا، میری صحت تندرستی کیلئے دعائیں کرتے رہیں۔