لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) لیور پول کے خلاف میچ سے قبل برطانوی فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ ٹیم کا اہم کھلاڑی اپنی انگلی ہی تڑوا بیٹھا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق گزشتہ روز کوپن ہیگن کے خلاف چیمپینز لیگ کا میچ کھیلا، جس میں مانچسٹر سٹی کے 25سالہ کھلاڑی میتھیوز نوئس کی انگلی فریکچر ہو گئی۔
میتھیوز نوئس کو 10مارچ کے دن لیورپول کے خلاف مانچسٹر سٹی کی نمائندگی کرنی تھی، تاہم اب وہ ممکنہ طور پر ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق میتھیوز نوئس کے مداح ان کی انگلی ٹوٹنے پر شدید صدمے میں ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پران کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
ایک شخص نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ کی جلدی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ کسی بھی کھلاڑی کو خدا ایسی انجری سے محفوظ رکھے۔‘‘ ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ’’فٹ بال آسان نہیں ہے۔ ہم پرامید ہیں کہ میتھیوز جلد صحت یاب ہو کر واپس میدان میں نظر آئے گا۔‘‘