بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو حصص کی قیمت میں ہیرا پھیری کا الزام ثابت ہونے پر 50 لاکھ کا جرمانہ کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے شکیب الحسن پر ہیرا پھیری کرنے کا الزام ثابت ہونے پر جرمانہ عائد کیا۔ شکیب الحسن کے علاوہ دیگر 6 افراد اور کمپنیوں پر بھی پیر اماؤنٹ انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں ہیرا پھیری کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
ہندوستان میں بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شکیب الحسن کو ایک میٹنگ کے دوران الزامات کا قصوروار قرار دیا گیا۔ جس کی صدارت بی ایس ای سی کے صدر خندوکر رشید مقصود نے کی۔
بی ایس ای سی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ جرمانہ پیراماؤنٹ انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں ہیرا پھیری کر کے سیکیورٹیز ایکٹ کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن کو حال ہی میں قتل کے ایک مقدمے کا سامنا ہے۔ کیس کی دستاویزات میں الزام لگایا گیا ہے کہ وہ طلبہ کی زیرقیادت تحریک کے دوران مظاہرین کے قتل کا حکم دینے میں ملوث تھے۔ تاہم اسے عدالت میں سزا نہیں سنائی گئی اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔