|
ویب ڈیسک — انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 366 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ہے جب کہ مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا بااعتماد آغاز کیا ہے۔
بدھ کو دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے اننگز آگے بڑھائی، اس وقت محمد رضوان 37 اور آغا سلمان پانچ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں صرف پانچ رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ رضوان کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آغا سلمان بھی 31 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
نویں وکٹ پر عامر جمال اور نعمان علی نے انگلش بالروں کے سامنے مزاحمت کی۔ لیکن وہ بالترتیب 37 اور 32 رنز بنا سکے جب کہ ساجد خان دو رنز کی اننگز ہی کھیل سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 114 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ بریڈن کارس تین، میتھیو پوٹس دو اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی ڈیبوڈنٹ کامران غلام نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جب کہ صائم ایوب 77 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں اسکورر تھے۔
انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔