Sunday, January 5, 2025
ہومSportsمنو بھاکر، ڈی گوکیش سمیت 4 کھلاڑیوں کا ’کھیل رتن‘ اور 32...

منو بھاکر، ڈی گوکیش سمیت 4 کھلاڑیوں کا ’کھیل رتن‘ اور 32 کا ’ارجن ایوارڈ‘ کے لیے انتخاب، کرکٹ سے کسی کا نام نہیں


اسٹار شوٹر منو بھاکر نے پیرس اولمپکس 2024 میں 2 کانسے کے تمغے جیتے تھے۔ ڈی گوکیش نے شطرنج کی دنیا میں کمال دکھایا ہے، انہوں نے گزشتہ سال 12 دسمبر کو عالمی چمپئن بن کر تاریخ رقم کر دی تھی۔

ہندوستانی خاتون شوٹر منو بھاکر کے ساتھ ان کے کوچ سمریش جنگ

user

وزارت کھیل نے دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کھیل کے مطابق شوٹنگ میں اولمپک میڈل جیتنے والی منو بھاکر اور شطرنج کے عالمی چمپئن ڈی گوکیش سمیت 4 کھلاڑیوں کو دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ان دونوں کے علاوہ جن 2 ایتھلیٹوں کو کھیل رتن ایوارڈ دیا جائے گا ان میں ہاکی کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ پروین کمار ہیں۔ واضح ہو کہ ’دھیان چند کھیل رتن‘ ایوارڈ کھیلوں میں ملک کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ 32 کھلاڑی ایسے بھی ہیں جن کو ارجن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس میں 17 کھلاڑی ایسے ہیں جو پیرا ایتھلیٹ سے ہیں۔ تعجب خیز امر یہ ہے کہ کسی بھی کرکٹر کو نہ تو کھیل رتن اور نہ ہی ارجن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان تمام کھلاڑیوں کو 17 جنوری کو راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والے پروگرام کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔

دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ پانے والے کھلاڑیوں کی بات کریں تو ہندوستان کی اسٹار شوٹر منو بھاکر نے پیرس اولمپکس 2024 میں 2 کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ وہ ایک ہی اولمپکس میں 2 تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بنی تھیں۔ جب کہ ڈی گوکیش نے شطرنج کی دنیا میں کمال دکھایا۔ انہوں نے گزشتہ سال 12 دسمبر کو عالمی چمپئن بن کر تاریخ رقم کر دی تھی۔ انہوں نے چین کے ڈنگ لیرن کو شکست دی تھی۔ انہوں نے صرف 18 سال کی عمر میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ نے پیرس اولمپک میں ہاکی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ہرمن پریت نے ٹورنامنٹ کے دوران کل 10 گول کیے تھے۔ پروین کمار ہائی جمپ-ٹی64 مقابلے کا حصہ تھے۔ انہوں نے ایشیائی ریکارڈ توڑ کر گولڈ میڈل جیتا۔ پروین کمار ان کھلاڑیوں کے زمرے میں آتے ہیں جن کا ایک یا دونوں پیر گھٹنے سے نیچے نہیں ہوتے۔ وہ مصنوعی پیر کا سہارا لیتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ارجن ایوارڈ میں دو زمرے ہوتے ہیں۔ 2024 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ 2 کھلاڑیوں کو لائف ٹائم کیٹیگری کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ اس میں مرلی کانت پیٹکر اور سوچی سنگھ شامل ہیں۔ مرلی کانت پیرا سوئمر رہے ہیں۔ ان پر فلم بھی بن چکی ہے۔ جب کہ سوچی سنگھ کو ایتھلیٹکس کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ارجن ایوارڈ پانے والے کچھ چنندہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں: سلیمہ ٹیٹے (ہاکی)، ابھیشیک (ہاکی)، سنجے (ہاکی)، جرمن پریت سنگھ (ہاکی)، سکھجیت سنگھ (ہاکی)، راکیش کمار (پیرا-تیراندازی)، پریتی پال (پیرا اتھلیٹکس)، جیون جی دیپتی (پیرا ایتھلیٹکس) اجیت سنگھ (پیرا ایتھلیٹکس)۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں