Friday, December 27, 2024
ہومSportsمیرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر...

میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں: بابر اعظم


بابر اعظم—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کے حالات کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہوں، میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں۔

بابر اعظم نے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا جس کے لیے ہم سب کو ایک ہو کر کھیلنا ہو گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ بحیثیت کپتان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکا ہوں اب ٹرافی جیتنا چاہتا ہوں۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکا میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہوں گی اور مختلف گراؤنڈز ہوں گے اور مختلف ماحول ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک نیا تجربہ اور نیا چیلنج ہو گا، کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کر کے خود کو مقابلے کے لیے تیار کر لیں گے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ بحیثیت کپتان تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، میری کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتا ہوں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہو گی، بد قسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، اس بار وہ غلطیاں دہرانا نہیں چاہتے۔

بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں کچھ بنائی گئی تھیں، انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہو گیا ہے، جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے اپنے گھر میں بھی جب کوئی بات ہوتی ہے تو اسے پبلک میں نہیں لایا جاتا، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور فوراً حل کیا جائے۔

بابر اعظم نے اس خصوصی انٹرویو میں اپنی بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ میرے اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے، جب یہ احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو اس پر کافی کام کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ تجربہ بہت وسیع ہے، ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔

بابر اعظم نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں، ہماری طرف سے پوری کوشش ہو گی کہ ہم سو فیصد پرفارمنس دیں، آپ ٹیم کو سپورٹ کریں کیونکہ یہ آپ سب کی ٹیم ہے، یہ پاکستان کی ٹیم ہے۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں