نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
ڈونیڈن میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے جس میں کیویز اوپنر فن ایلن کی برق رفتار سینچری بھی شامل تھی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوور میں سات وکٹوں پر 179 رنز ہی بنا سکی۔ گرین شرٹس کی جانب سے بابر اعظم سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 37 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔
پاکستانی بالنگ لائن کی طرح بیٹںگ لائن بھی بری طرح ناکام رہی۔ اوپنرز جہاں بڑی شراکت نہ دے سکے وہیں مڈل آرڈر بلے باز ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام رہا۔
اوپننگ بیٹر صائم ایوب 10 رنز بنا سکے جب کہ محمد رضوان نے 20 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
فخر زمان 19، وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان 10، افتخار احمد ایک اور محمد نواز 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 اور محمد وسیم ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے دو جب کہ میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹںگ کی تو 28 کے مجموعی اسکور پر ڈیون کانوے سات رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد اوپنر فن ایلن اور ٹم سیفرٹ نے ذمے دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ پر 125 رنز کی شراکت قائم کی۔
نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 153 تک پہنچا تو سیفرٹ 31 رنز بنا کر محمد وسیم کا شکار بنے۔ جس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی چلی گئیں لیکن ایلن نے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا عمل جاری رکھا۔
ایلن نے 16 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ڈیرل مچل آٹھ، گلین فلپس 19، مارک چیپمن ایک اور کپتان مچل سینٹنر نے چار رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 60 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز میں مسلسل تیسری شکست کے بعد پاکستان ٹیم سیریز گنوا چکی ہے۔ تاہم وائٹ واش سے بچنے کے لیے اب بھی اس کے پاس دو میچز باقی ہیں۔