نیویارک (ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے نیویارک کا نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے جس کی تیاری کی نئی ویڈیو آئی سی سی نے جاری کردی۔
روزنامہ “جنگ” کے مطابق جنوری میں جہاں میدان تھا وہاں آج سٹیڈیم کا ڈھانچہ تیار ہوگیا ہے، گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ ٹرف لگائی جا چکی ہے۔ اگلے مرحلے میں سکوائر پر ڈراپ ان پچز لگانے کا کام مکمل ہوگا۔ آئی سی سی مئی کے پہلے ہفتے میں سٹیڈیم مکمل تیار کرنے کےلیے پُرعزم ہے۔ مئی کے وسط میں سٹیڈیم کی ٹیسٹنگ کا عمل کیا جائے گا جبکہ مئی کے آخر میں نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ایک ٹیسٹ ایونٹ بھی ہوگا۔
نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں پاک ،بھارت میچ سمیت میگا ایونٹ کے 8 میچز ہوں گے، نساؤ کاونٹی سٹیڈیم میں پہلا میچ 3 جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقا کے درمیان ہوگا۔
اس سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 9 جون کو ہوگا۔ سٹیڈیم میں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔