کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹس (سی اے ایس) نے ونیش پھوگاٹ کی عرضی پر فیصلہ سنانے کے لیے 16 اگست کی تاریخ مقرر کی تھی، لیکن آج اچانک اس عرضی کو خارج کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے ساتھ ساتھ کروڑوں ہندوستانیوں کی امید آج اس وقت ٹوٹ گئی جب یہ خبر سامنے آئی کہ کھیل پنچاٹ نے ونیش کو سلور میڈل نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ پیرس اولمپک 2024 ختم ہونے کے بعد بھی ہندوستان کی جھولی میں ایک تمغہ مزید آئے گا، لیکن کھیل پنچایٹ یعنی کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹس (سی اے ایس) نے ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ونیش کی عرضی خارج ہونے سے متعلق یہ خبر کئی میڈیا اداروں نے ذرائع کے حوالے سے چلائی ہے۔
دراصل ونیش پھوگاٹ نے عرضی داخل کر گزارش کی تھی کہ انھیں فائنل میں کھیلنے کا موقع نہیں دیا گیا تو کم از کم گزمان لوپیز (جنھیں سلور میڈل ملا ہے) کے ساتھ مشترکہ طور پر سلور میڈل دیا جائے۔ اس سلسلے میں ونیش پھوگاٹ اور دیگر اشخاص نے اپنی اپنی بات کھیل پنچایٹ کے سامنے رکھی تھی اور 10 اگست کو ہی سماعت مکمل ہو گئی تھی۔ اس کے بعد فیصلے کا انتظار تھا۔ پہلے 10 اگست کو فیصلہ صادر ہونا تھا، پھر اس کے لیے 13 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی، اور پھر 16 اگست کو فیصلہ سنانے کا اعلان ہوا۔ لیکن 14 ستمبر کو ہی ونیش پھوگاٹ کی عرضی خارج کرنے کی اطلاع سامنے آ گئی۔
واضح رہے کہ 50 کلوگرام زمرہ میں سیمی فائنل مقابلہ جیت کر ونیش پھوگاٹ نے اولمپک کے فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی خاتون ہونے کا سہرا حاصل کر لیا تھا۔ فائنل سے ایک رات پہلے ونیش کا وزن 2 کلو زیادہ تھا۔ ایسے میں انھوں نے رات بھر محنت کی اور وزن گھٹایا، پھر بھی وہ 100 گرام زیادہ تھیں جس کی وجہ سے انھیں ڈسکوالیفائی کر دیا گیا۔ اس کے بعد کافی ہنگامہ اور تنازعہ پیدا ہوا، لیکن اولمپک مینجمنٹ نے فائنل مقابلہ آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ نتیجہ کار 50 کلوگرام زمرہ کے خاتون کشتی فائنل مقابلہ میں امریکی کھلاڑی کے سامنے کیوبا کی کھلاڑی کو اتارا گیا جسے سیمی فائنل میں ونیش پھوگاٹ نے شکست دی تھی۔ فائنل مقابلہ میں امریکی کھلاڑی کو جیت ملی اور اس نے طلائی تمغہ پر قبضہ کر لیا۔ شکست خوردہ کیوبا کی خاتون پہلوان کو سلور میڈل حاصل ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔