لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں جاری ٹی 20ورلڈ کپ 2024ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی نے پاکستانیوں کو سخت مایوس کیا ہے اور پے درپے ناکامیوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی طرف سے ٹیم میں بڑی تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ورلڈ کپ کے بعد متعدد کھلاڑیوں ، سینئر منیجر اور سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض کو فارغ کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں میں محمد عامر، عماد وسیم، افتخار احمد، اعظم خان اور عثمان خان کو ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں مشکل درپیش آ سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین کھلاڑیوں کا ایک گروپ اپنے منیجر کے ایماء پر پی سی بی حکام کو سنٹرل کنٹریکٹ معاوضے میں اضافے کے لیے بلیک میل کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیم میں تبدیلی کپتان بابر اعظم، ہیڈ کوچ گیری کرسٹن، سینئر منیجر ریاض اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کی رپورٹس کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس حوالے سے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا جنہوں نے کھلاڑیوں کو کارکردگی پر پیسے کو ترجیح دینے کا موردالزام ٹھہرایا ہے۔