لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہاہے کہ سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن بھی بہت بڑا چیلنج ہے،بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی لاہور میں ممکن نہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ بنگلہ دیش کیخلاف وینیو ملتان، کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں،وینیو اور تاریخیں فائنل ہو چکی ہیں، جلد اعلان ہو جائے گا۔
ان کاکہناتھا کہ لیگز کھیلنے والے کھلاڑی سن لیں پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیز ہوگی،ٹیسٹ سیریز سے پہلے جن کرکٹرز نے درخواست کی ان کو این او سی نہیں ملے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان نے جی ٹی 20کیلئے این او سی کی درخواست کی ہے،محسن نقوی نے کہاکہ جو فٹنس کے معیار پر پورا اترا ہے اسے سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا، ان کاکہناتھا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم لازم ہوگا، کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں ا ٓسکے گا،جوڈومیسٹک میں پرفارمنس دے گا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا۔