لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ایس ایل 10 ڈرافٹنگ کی تاریخ تبدیل کردی گئی، ذرائع کے مطابق 13 جنوری کو ڈرافٹنگ تقریب لاہور میں ہوگی۔
نجی ٹی وی سما نیوز ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی ڈرافٹنگ تقریب 11 کے بجائے 13 جنوری کو لاہور میں ہوگی۔
پی ایس ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹنگ تقریب کی ریہرسل 12 جنوری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ تقریب سب سے پہلے 11 جنوری کو گوادر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر تقرئب لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں پہلی پلاٹینیم پِک لاہور قلندرز کی ہوگی جبکہ دوسری پِک کراچی کنگز کی ہوگی، اسی طرح ڈرافٹ میں تیسری پِک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، چوتھی پِک پشاور زلمی، پانچویں پِک ملتان سلطانز اور چھٹی پِک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ 10 کیلئے دنیا بھر سے سیکڑوں کرکٹرز نے ڈرافٹنگ کیلئے سائن اپ کیا ہے، جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، کینیڈا، امریکا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں۔
پاکستان سپر لیگ 10 میں گزشتہ سالوں کی طرح 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔
پی ایس ایل 10 کیلئے ڈرافٹ کو سائن اپ کرنیوالے آسٹریلوی کھلاڑیوں میں اب تک ڈیوڈ وارنر، کرس لِن، میتھیو شارٹ، ایلکس کیری، شون ایبٹ اور عثمان خواجہ شامل ہیں۔پی ایس ایل 2025ء کے ڈرافٹ میں نیوزی لینڈ کے ٹِم ساؤتھی، مارٹن گپٹل، ایڈم مِل، کولِن منرُو اور ڈیرل مچل شامل ہیں۔
جنوبی افریقی کھلاڑیوں میں جنہوں نے اب تک ڈرافٹ کیلئے سائن اپ کیا ہے اُن میں رسی فین ڈر ڈسن، رائلی رُوسو اور کوربن بوش شامل ہیں۔
اس سیزن کیلئے انگلش کھلاڑیوں کی فہرست میں ایلکس ہیلز، لیوک وُڈ، ٹام کوہلر کیڈ مور، ٹام کرن، ڈیوڈ وِلی، ڈیوڈ مالان اور جیسن روئے موجود ہیں۔اسی طرح ویسٹ انڈیز کے گوداکیش موتی، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور مصتفیض الرحمان سمیت زمبابوے کے سکندر رضا بھی ڈرافٹ کا حصہ ہیں۔