تاشقند (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے ایران کو شکست دے کر انڈر 18 سینٹرل والی بال چیمپئن شپ جیت لی۔
ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں کھیلی گئی چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان اور ایران مدمقابل تھے ، فیصلہ کن معرکے کے پہلے سیٹ میں پاکستان کو 20،25 کے سکور سے شکست ہوگئی لیکن پھر پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔میچ میں پاکستان کی کامیابی کا سکور 25-20، 18-25، 23-25 اور 25-27 رہا۔اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایشین انڈر 20 والی بال چیمپئن شپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا جو 28 جولائی سے بحرین میں شروع ہوگی۔
ایران کے خلاف فائنل میں پاکستان انڈر 18 کے محمد یحییٰ ،طلال احمد اور خضر حیات نے شاندار کارکردگی دکھائی۔پاکستان کے محمدیحییٰ کو ٹورنامنٹ کا بااثر ترین پلیئر اور بہترین ہٹر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ طلال احمد کو بہترین سیٹر اور جبران کو بہترین بلاکر کا ایوارڈ ملا۔