لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ادائیگیاں تاحال نہیں ہوسکی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نومبر کے وسط میں 16 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا، جس میں رواں سال کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے 16 کی گئی۔اس سال کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل کیا گیا۔اُن کو 25-2024 کیلئے ایک سال کا نیا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
“جیو نیوز “کے مطابق رواں سال پی سی بی نے بجٹ 25-2024 کی منظوری کے موقع پرویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔تاہم پی سی بی نے ازسرنو جائزہ لینے کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹ گزشتہ سال کے کنٹریکٹ کے حساب سے دیئے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے لیے اعلان کردہ اضافہ شامل نہیں۔
دوسری جانب سینٹرل کنٹریکٹ کی ادائیگیوں میں تاخیر پر ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس پر ابھی تک تمام کھلاڑیوں نے دستخط نہیں کیے، دستخط ہونے کے بعد جولائی سے اب تک تمام کھلاڑیوں کو ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔