Tuesday, December 24, 2024
ہومSportsپاکستان کا پہلی اننگز میں 556 رنز کا انبار، انگلینڈ نے بھی...

پاکستان کا پہلی اننگز میں 556 رنز کا انبار، انگلینڈ نے بھی 96 رنز بنا لیے


  • پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے ہیں۔
  • پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے سینچریاں اسکور کیں۔
  • انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی ٹیم ملتان ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے ہیں۔

دوسرے روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 328 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے جارحانہ انداز اپنایا۔ نسیم شاہ نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

نسیم شاہ کے بعد محمد رضوان کریز پر آئے۔ لیکن کھاتہ کھولے بغیر ہی وہ جیک لیچ کی گیند پر کرس ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ شاید پاکستان کی اننگز جلد ہی سمٹ جائے گی۔ لیکن سعود شکیل اور سلمان آغا نے اننگز کو آگے بڑھایا۔

پاکستان کا مجموعی اسکور جب 450 ہوا تو سعود شکیل 82 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عامر جمال بھی سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مگر سلمان آغا ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر جارحانہ اسٹروکس کھیلتے رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی اُن کا ساتھ دیا اور 26 رنز بنائے۔ اس دوران سلمان علی آغا نے اپنی سینچری بھی مکمل کر لی۔

پاکستان کے آخری بلے باز ابرار احمد جو روٹ کی گیند پر بین ڈکٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی ٹیم 556 رنز بنا چکی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے سینچریاں اسکور کیں۔ بابر اعظم نے 31 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ سب سے کامیاب بالر رہے، اُنہوں نے 40 اوورز میں 160 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے دو، دو جب کہ کرس ووکس، شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو شروع میں ہی اولی پوپ بغیر کوئی رنز بنائے نسیم شاہ کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن دوسرے اینڈ پر زیک کرالی اور جو روٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو زیک کرالی 64 اور جو روٹ 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں