لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق سمیع اسلم بطور کرکٹر بہتر مستقبل کے لیے امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔ ان کی شادی کی تقریب لاہور میں ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے فیس بک پیج کے ذریعے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کو سنائی ہے۔
سمیع اسلم کی طرف سے فیس بک پوسٹ میں ’الحمد اللہ‘کے کیپشن کے ساتھ اپنی اور اپنی دلہن کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ بارات اور ولیمے کے دنوں کی ان تصاویر پر کمنٹس میں صارفین زندگی کے نئے سفر کی شروعات پر سمیع اسلم اور ان کی دلہن کو مبارکباد دے رہے ہیں اور ان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سمیع اسلم 2015ءسے 2017ءکے دوران پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے، جس کے بعد وہ امریکہ منتقل ہو گئے اور میجر لیگ کرکٹ جوائن کر لی۔ وہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز ہیں اور گاہے سپن باﺅلنگ بھی کراتے ہیں۔ تاہم باﺅلنگ میں وہ دایاں ہاتھ استعمال کرتے ہیں۔