صوابی (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق انڈر 19 فٹبال کھلاڑی فرحان خان ضلع صوابی میں ٹریفک حادثے میں جمعہ کو جاں بحق ہوگئے۔
نوجوان فٹبالر صوابی میں موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور جان لیوا زخموں کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکے،مانیری پایاں میں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں انہیں سپرد خاک کردیاگیا۔
روزنامہ پاکستان کے مطابق متوفی گزشتہ رات صوابی شہر میں جہانگیرہ روڈ کسی نامعلوم موٹر سائیکل یا گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوئے تھے جہاں بے یارو مددگار پڑنے کے بعد ضلعی ہسپتال صوابی اور بعد ازاں سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعد ازاں ہفتہ کی علی الصبح کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی میں دم توڑ گئے ،نوجوان فٹبالر فرحان خان کو سر میں شدید چوٹیں لگی تھیں۔ متوفی فرحان خان غیر شادی شدہ تھے تاہم منگنی ہو چکی تھی ۔
یادرہے کہ فرحان خان قومی سطح پر پی اے ایف کی نمائندگی کرتے تھے، وہ اے ایف سی انڈر 19 فٹبال چیمپئن شپ 2019 کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے والی پاکستان فٹبال ٹیم کا حصہ تھے۔
دریں اثنا پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے ذمہ داران، سابق قومی کپتان عیسیٰ خان اور دیگر نے فرحان خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں پی ایف ایف کی جانب سے کہا گیا کہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر فرحان خان کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہماری دعائیں ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔