Sunday, December 29, 2024
ہومSportsپہلا ٹیسٹ پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 148 رنز...

پہلا ٹیسٹ پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف



سنچورین(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنچورین ٹیسٹ جیتنے کےلیے 148 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم 237 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سعود شکیل 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔سپر سپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش سے متاثر رہا ہے، جہاں کھیل کا آغاز وقت پر نہ ہوسکا تھا، تاہم بارش تھمنے کے بعد پاکستان نے 88 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

کھیل کا آغاز ہوا تو بابر اعظم اور سعود شکیل نے نہ صرف جنوبی افریقہ کی برتری ختم کی بلکہ 4 سے زائد کی اوسط کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا جہاں دونوں بیٹرز کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ اس دوران بابر اعظم نے دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ میں پہلی نصف سنچری بنائی، لیکن وہ 50 رنز بنا کر 153 کے مجموعے پر مارکو یانسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد رضوان تھے جو 3 رنز بنا کر 172 کے مجموعے پر مارکو یانسین کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ مارکو یانسین نے پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی لی۔ انہوں نے اس مرتبہ ایک رن بنانے والے سلمان علی آغا کو میدان بدر کیا۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، پہلے ساتویں وکٹ پر 18 رنز بنانے والے عامر جمال کے ساتھ 34 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ تاہم نویں وکٹ پر سعود اور خرم شہزاد میں 27 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ سعود شکیل 84 رنز بنانے کے بعد 236 کے مجموعے پر مارکو یانسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم 237 رنز پر آل آؤٹ ہوگئے، آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد عباس تھے جو اپنا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے جبکہ خرم شہزاد 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

قومی ٹیم کو پریشان کرنے والے جنوبی افریقی بولر مارکو یانسین تھے انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو رباڈا نے 2 جبکہ کوربن بوش اور ڈین پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔خیال رہے کہ قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے جبکہ ہوم ٹیم نے 301 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجا کر 90 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ 





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں