Tuesday, December 24, 2024
ہومSportsپیرس اولمپکس: فٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں تنازع

پیرس اولمپکس: فٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں تنازع


  • ارجنٹائن اور مراکش کے درمیان پیرس اولمپکس میں فٹ بال مقابلوں کا افتتاحی میچ کھیلا گیا جس کے دوران بعض تماشائی رکاوٹیں پھلانگ کر اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔
  • اسٹیڈیم میں افراتفری کے باعث میچ لگ بھگ دو گھنٹے روکنا پڑا اور دونوں ٹیمیں گراؤنڈ سے واپس چلی گئیں۔
  • میچ دوبارہ شروع ہوا تو ریفری نے ارجنٹائن کا ایک گول ‘آف سائیڈ’ قرار دے کر منہا کر دیا۔
  • میچ کے اختتام تک مراکش کو ارجنٹائن پر ایک کے مقابلے میں دو گول سے سبقت حاصل تھی۔
  • یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں تھا بلکہ اولمپکس مقابلوں میں کھیلے جانے والا میچ تھا۔ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ اس لیول پر کبھی اس طرح ہوا ہو: مینیجر ارجنٹائن ٹیم

پیرس اولمپکس میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بدانتظامی اور تنازع کا شکار ہو گیا ہے جس کے بعد ایونٹ کے منتظمین پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

بدھ کو اولمپکس 2024 میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ارجنٹائن اور مراکش کی ٹیم کے درمیان مقابلے سے ہوا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ جاری تھا کہ اس دوران کئی تماشائی رکاوٹیں پھلانگ کر گراؤنڈ کے اندر داخل ہو گئے اور فیلڈ میں خالی بوتلیں بھی پھینکی گئیں۔

اسٹیڈیم میں افراتفری کے باعث میچ لگ بھگ دو گھنٹے روکنا پڑا اور دونوں ٹیمیں گراؤنڈ سے واپس چلی گئیں۔ اس وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو، دو گول سے برابر تھا۔

میچ میں اس وقت صورتِ حال دلچسپ ہوئی جب دو گھنٹے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ویڈیو اسسٹنٹ ریفری [وی اے آر] نے مداخلت کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ میچ روکے جانے سے قبل ارجنٹائن کی ٹیم نے جو گول کیا تھا وہ آف سائیڈ تھا۔

اس فیصلے کے بعد ارجنٹائن کے ایک گول میں کمی کر دی گئی اور اس طرح مراکش کی ٹیم کو 1-2 کی سبقت حاصل ہو گئی جو میچ کے اضافی تین منٹ کے بعد تک برقرار رہی۔

اس طرح مراکش نے ایک کے مقابلے میں ارجنٹائن کو دو گول سے شکست دی۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن نے رواں ماہ ہی کوپا امریکہ کا ٹائٹل اپنا نام کیا تھا جس کے بعد ٹیم بدھ کو پیرس اولمپکس میں مراکش کے مدِ مقابل تھی۔

مراکش سے شکست کے بعد ارجنٹائن کے مینیجر ہاویئر ماسچیارانو نے کہا کہ یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں تھا بلکہ اولمپکس مقابلوں میں کھیلے جانے والا میچ تھا۔ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ اس لیول پر کبھی اس طرح ہوا ہو۔

انہوں نے کہا کہ میچ ڈیڑھ گھنٹہ روکنا پڑا جس کے بعد 10 منٹ کا کھیل ہوا اور پھر تین منٹ اضافی دیے گئے۔ گراؤنڈ میں جو کچھ ہوا وہ ایک اسکینڈل ہے۔

ارجنٹائن کے ٹیم مینیجر نے مزید کہا کہ میچ دوبارہ شروع کرنے کے انتظامیہ کے فیصلے سے قبل کپتان نے فیصلہ کر لیا تھا کہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

دوسری جانب منتظمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بعض تماشائیوں کی جانب سے گراؤنڈ میں آنے کے واقعے کے بعد ارجنٹائن اور مراکش کے درمیان سینٹ ایتن اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ روکنا پڑا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ تاہم انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر گراؤنڈ میں ہونے والی بدانتظامی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں مناسب اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔

مراکش کی جانب سے سفیان رحیمی نے دو گول کیے جب کہ ارجنٹائن کے گولیانو سیمیون نے دوسرے ہاف کے 68ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔

ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم اولمپکس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ ہفتے کو عراق کے خلاف کھیلے گی جب کہ مراکش اسی روز سینٹ ایتن اسٹیڈیم میں یوکرین کے مدِ مقابل ہو گی۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں