پیرس (ڈیلی پاکستان آن لائن) فرانس میں جاری پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والے مصری ریسلر کو خاتون پر جنسی حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کی پولیس نے اولمپکس میں شریک مصری ریسلر کو مبینہ طور پر بار میں ایک خاتون کے ساتھ دست درازی کی وجہ سے گرفتار کیا ہے۔ پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے مصری ریسلر محمدالسید پر خاتون کے ساتھ جنسی ہراسیت کا الزام لگایا گیا ہے۔پراسیکیوٹر آفس کا مزید کہنا تھا کہ ’فرانس کے دارالحکومت پیرس کے تھرٹین ڈسٹرکٹ میں ریسلر نے صبح پانچ بجے کے قریب ایک خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔‘السید نے ٹوکیو گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، تاہم بدھ کو انہیں آذربائیجان کے حسرت جاروف سے ریسلنگ کی 67 کلوگرام کیٹیگری میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اسی نام سے ان کے ساتھی مصری ایتھلیٹ نے پیرس اولمپکس میں ’ایپی فینسنگ‘ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔خبر کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں کیا جا سکا کہ ریسلر کو تاحال آزاد کیا گیا ہے کہ نہیں جبکہ فرانسیسی اخبار ’لی پیرسین‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت مصری ریسلر نشے کی حالت میں تھے۔