پیرس(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی جیت پر ان کے حریف، بھارتی نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ میں 2016 سے مختلف مقابلوں میں ارشد کے ساتھ مدِمقابل رہا ہوں لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ارشد مجھ سے جیت گیا ہے۔ کھیل میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لیے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو جیت کی خوشی میں مبارک باد دی۔انہوں نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کا ایک دن ہوتا ہے، آج میرا دن نہیں تھا، آج ارشد ندیم کا دن تھا۔انہوں نے کہا ارشد نے بہت محنت کی ہے اور آج کی رات ارشد مجھ سے بہتر تھا۔ اسے یہ جیت مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے چاندی کے تمغے پر خوش ہوں لیکن مطمئن نہیں ہوں۔ میری تھرو تمام راؤنڈز میں بہتر رہی لیکن اب میں اسے مزید بہتر بنانے کے لیے پریکٹس کروں گا۔