لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے کوچز کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیسن گلیسپی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ریڈ بال ہیڈ کوچ اور گیری کرسٹن کو وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اظہر محمود کو تینوں فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پریس کانفرنس کوچز سے متعلق ہے،محسن نقوی نے کہاکہ جیسن گلیسپی کو ریڈبال کا کوچ لا رہے ہیں،جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن وائٹ بال کے کوچ ہوں گے، دونوں دنیا کے بہترین کوچ ہیں،یہ وائٹ بال اور ریڈبال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے،اظہر محمود ٹیم کو ایک جگہ پر لائے ہیں،اظہرمحمود دونوں فارمیٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ان کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے،ہم بہتر کرنے میں کامیاب ہونگے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ گیری کرسٹن انگلینڈ کے ٹور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے،جیسن گلیسپی بنگلہ دیش سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے، معاہدہ دوسال کا ہے،ان کا کہناتھا کہ فٹنس پر کبھی توجہ نہیں دی گئی، دنیا کے پلیئرز کی فنٹس دیکھیں، ہمیں فٹنس پر کام کرنا ہے ، فٹنس کیمپ کی وجہ سے فٹنس کیسے خراب ہو سکتی ہے،محسن نقوی نے کہاکہ غیرملکی کوچز ٹیم کیساتھ رہیں گے،ہم کوچز سے ٹیموں سے ہٹ کر بھی کام لیں گے،انہوں نے کہاکہ کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرکے بینکوں میں جمع کرنا نہیں،ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لا رہے ہیں،ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے،فزیو تھراپسٹ کیلئے ڈیوائسز منگوا لی ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ویمن کرکٹرز کا حادثہ ہوا اور زخمی ہوئیں، ہم نے ایکشن لیا ہے،خاتون ایس ایس پی کو چیف سکیورٹی افسر مقرر کیا ہے، سخت مانیٹرنگ ہوگی۔