چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے کام کے لیے ابتدائی طور پر مین بلڈنگ سے دفاتر کی منتقلی کا کام شروع کیا گیا ہے، تمام ڈائریکٹرز اور ان کے شعبوں کو فار اینڈ بلڈنگ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران دفاتر کی منتقلی کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مین بلڈنگ کو گرانے کا منصوبہ ہے، نئی بلڈنگ کو جدید طرز پر گراؤنڈ کے قریب بنانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔
مین بلڈنگ میں زیادہ تر ہوسپیٹلیٹی باکسز فرنٹ پر بنانے کا منصوبہ ہے جبکہ قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان اور فضل محمود انکلوژر میں سیٹوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق شائقین کے بہتر ویو کے لیے نئی اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی کا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا اعلان کر چکے ہیں تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش بڑھائی جائے گی، اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری مارچ میں 3 وینیوز پر شیڈول ہے لیکن 6 ماہ کے دوران اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنا پی سی بی کے لیے چیلنج ہے۔
اپ گریڈیشن کے لیے غیر ملکی کنسلٹنٹ اور ڈیزائنرز کی خدمات لی گئی ہیں جبکہ اپ گریڈیشن کے دوران انٹرنیشنل میچز کے لیے پلان تیار کیا جا رہا ہے۔