لاہور (ویب ڈیسک) بھارت کی چیمپیئنز ٹرافی کےلیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے پر شروع ہونے والے تنازع کے بیچ براڈکاسٹرز کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا۔
ایکسپریس نیوز نے میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کےلیے اس غیر یقینی صورتحال کے دوران براڈکاسٹر اسٹار انڈیا کا چند ماہ قبل آئی سی سی کو لکھا گیا ایک خط سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کی کرکٹ فینز میں مقبولیت بہت زیادہ ہے اور آئی سی سی کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرتی ہے۔
بھارتی بورڈ نے اپنے پیسے اور آئی سی سی کے انڈین اسپانسرز کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا اور ہائبرڈ ماڈل کا آپشن دیا تھا جس پر چیئرمین پی سی بی نے سخت موقف اپنایا تھا، تاہم اب خط میں بات سامنے آئی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ سے بیک آف کرگئی تو انہیں مالی نقصان ہوگا جبکہ پاکستان کے جانے سے ٹورنامنٹ کو کم نقصان اٹھانا پڑے گا۔
آئی سی سی چیئرمین کی کرسی جے شاہ کو ملتے ہی خط لیک ہونے پر سوال اُٹھ رہے ہیں جبکہ اسٹار انڈیا کے خط میں اپنے مؤقف کی وضاحت کےلیے بتایا گیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے میڈیا رائٹس کی مجموعی قیمت 750 ملین امریکی ڈالر ہے، اگر انڈیا ایونٹ سے باہر ہوتا ہے تو آئی سی سی کو 750 امریکی ڈالر میں سے 90 فیصد کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
دوسری صورت یہ ہے کہ پاکستان کی ایونٹ میں غیر موجودگی سے یہ نقصان صرف 10 فیصد ہوگا۔
واضح رہے ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر دونوں بورڈز کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں، جس کے تحت 2027 تک تمام ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مینز ویمنز دونوں مقابلوں میں اپنے میچز دبئی میں کھیلیں گی۔
اس حوالے سے آئی سی سی بورڈ میٹنگ اب 7 دسمبر کو ہوگی، میٹنگ میں چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔