سنگا پور(سپورٹس رپورٹر) امریکہ کی اہم پرموشن ”کراٹے کومبیٹ،، میں کل پاکستانی فائٹر شاہزیب رند کا برازیلین حریف برونو ایسیس سے مقابلہ ہو گا ۔دونوں حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ کراٹے کومبیٹ انٹیرم ٹائٹل لائٹ ویٹ بیلٹ کے لیے ہو گا۔پاکستانی فائٹر شاہزیب رند ابھی تک ”کراٹے کومبیٹ ،، نا قابل شکست ہیں ، انہوں نے پانچ مقابلے کیے ہیں اور یہ تمام ا ن کے نام رہے ہیں۔شاہزیب رند کا ”کراٹے کومبیٹ ،، میں آخری مقابلہ بھارتی فائٹر رانا سنگھ کے ساتھ ہوا تھا جو انہوں نے چند ہی سکینڈوں میں ٹیکنیکل ناک آوٹ کے ذریعے اپنے نام کر لیا تھا جس کے بعد انہیں پاکستان میں خوب شہرت ملی تھی۔شاہزیب رند پاکستان میں ووشو کے ٹاپ فائٹر ہیں جنہوں نے ابتدائی دنوں میں فائٹنگ یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر سیکھی تھی۔شاہزیب کے حریف برونو ایسیس کراٹے کومبیٹ میں اب تک دس مقابلے کھیل چکا ہے جن میں سے وہ چار مقابلوں میں ناکام رہا جبکہ چھ مقابلوں میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ ”کراٹے کومبیٹ ،، میں شاہزیب رند کا برازیلین فائٹر لوئز روچا سے ورلڈ لائٹ ویٹ چیمپئن شپ ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہونا تھا لیکن اس مقابلے سے چند روز قبل لوئز روچا زخمی ہو گیا جس کی وجہ سے وہ مقابلے سے باہر ہو گیا اور پھر شاہزیب رند سے مقابلے کےلیے برونو ایسیس کا نام سامنے آیا۔ اگر شاہزیب رند یہ مقابلہ جیت جاتا ہے تو پھر چند ماہ بعد شاہزیب رند ورلڈ چیمپئن ٹائٹل کے لیے لوئز روچا سے مقابلہ کرے گا۔