Wednesday, December 25, 2024
ہومSportsہندوستان نے سپر 8 کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو 47...

ہندوستان نے سپر 8 کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو 47 رنز سے ہرایا


ہندوستان نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دی ہے۔ 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستان  کی جانب سے جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ کی شاندار کارکردگی۔

تصویر آئی اے این ایس

user

ہندوستان  نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دی ہے۔ ہندوستانی  ٹیم نے سپر-8 مرحلے کا آغاز بڑی جیت کے ساتھ کیا ہے۔ ہندوستان کی جیت کے سب سے بڑے ہیرو سوریہ کمار یادو اور جسپریت بمراہ تھے۔ ایک طرف سوریہ کمار نے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلی تو دوسری جانب بمراہ نے خطرناک  بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے کھیلتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے اسکور بورڈ پر 181 رنز بنائے تھے۔ جب افغانستان ہدف کا تعاقب کرنے آیا تو ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ افغان ٹیم کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے سب سے زیادہ رنز بنائے جنہوں نے 20 گیندوں پر 26 رنز بنائے تاہم کوئی اور کھلاڑی بڑی شراکت نہ کر سکا۔

افغانستان کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف ملا تھا۔ ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی کیونکہ رحمان اللہ گرباز صرف 11 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسکور بورڈ پر 23 رنز تھے جب پہلے ابراہیم زدران اور تین گیندوں کے بعد حضرت اللہ زازئی صرف 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹیم 23 رنز کے اندر 3 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ اس کے بعد عظمت اللہ عمرزئی اور گلبدین نائب نے کمان سنبھالی اور مل کر ٹیم کا سکور 10 اوورز میں 66 رنز تک پہنچا دیا۔ گلبدین 11ویں اوور کی دوسری گیند پر 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افغانستان ابھی اس بڑے جھٹکے سے نہیں نکلا تھا کہ صرف 4 گیندوں کے بعد عمر زئی 26 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ نجیب اللہ زدران اور محمد نبی نے مل کر 31 رنز جوڑے لیکن مطلوبہ رن ریٹ آسمان کو چھو رہا تھا۔ افغانستان نے 15 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے اور اسے آخری 30 گیندوں پر 81 رنز بنانے تھے۔ 17ویں اوور میں نبی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی اور چھکا لگایا لیکن دوسرا چھکا لگانے کی کوشش میں وہ رویندرا جدیجا کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ صورتحال ایسی تھی کہ افغانستان کو آخری 2 اوورز میں 57 رنز بنانے تھے جو تقریباً ناممکن تھا۔ آخری 2 اوورز میں صرف 9 رنز ہی آئے جس کی وجہ سے ہندوستان نے یہ میچ 47 رنز سے جیت لیا۔

افغانستان کے خلاف میچ میں ہندوستانی ٹیم نے محمد سراج کی جگہ کلدیپ یادو کو کھلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب تک سراج عالمی کپ میں 3 میچ کھیلتے ہوئے صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔ لیکن ان کی جگہ کھیلتے ہوئے کلدیپ یادو نے اپنے پہلے ہی میچ میں 4 اوور میں 32 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ رویندرا جدیجا اور اکشر پٹیل نے بھی اسپن بولنگ میں ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہندوستانی بلے بازوں نے اسکور بورڈ پر 181 رنز بنائے تھے۔ ٹیم انڈیا کے گیند بازوں نے آسانی سے اس اسکور کا دفاع کیا ہے۔ جسپریت بمراہ نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جن میں سے ایک میڈن تھا۔ ارشدیپ سنگھ نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں اور کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں لے کر ہندوستانی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اکشر پٹیل اور رویندرا جدیجا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی تاہم ہاردک پانڈیا اس میچ میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں