Tuesday, January 7, 2025
ہومSportsہندوستان کا خواب چکنا چور، سڈنی ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا نے کیا...

ہندوستان کا خواب چکنا چور، سڈنی ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا نے کیا بارڈر-گواسکر ٹرافی پر قبضہ


آسٹریلیائی ٹیم نے 162 رنوں کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرنے کے ساتھ ہی ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ بمرہ کی غیر موجودگی میں ٹیم انڈیا کی گیندبازی بے اثر نظر آئی۔

جیت کے بعد آسٹریلیائی بلے باز خوشی مناتے ہوئے۔ تصویر ‘ایکس’@cricketcomau

user

آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر بارڈر-گواسکر ٹرافی پر 1-3 سے قبضہ کر لیا ہے۔ کنگارو ٹیم کو 162 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے اس نے 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی جہاں ایک طرف ہندوستانی ٹیم کا آسٹریلیا میں مسلسل تیسری مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا وہیں وہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل مقابلے میں جگہ بنانے میں بھی ناکام ہو گئی۔ اب ڈبلیو ٹی سی کا فائنل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ٹیم انڈیا ٹیسٹ میچوں کے اس بڑے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ نہیں بنا سکی ہے۔ اس سے پہلے کے کھیلے گئے دونوں فائنل میچوں میں ٹیم انڈیا نے جگہ بنائی تھی حالانکہ اسے خطابی کامیابی نہیں ملی تھی۔

اس سے قبل آج صبح ہندوستان ٹیم کے بلے باز کوئی خاص مظاہرہ نہیں کر سکے اور کل کے اسکور 6 وکٹ پر 141 رنوں میں صرف 16 رن جوڑ کر آؤٹ ہو گئے۔ پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 157 رن ہی بنا سکی جس میں اکیلے 61 رن رشبھ پنت نے بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اہم تعاون نہیں دے سکا۔ اسکاٹ بولینڈ نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ کمنس نے اہم موقعوں پر 3 وکٹ لے کر کپتان کی ذمہ داری نبھائی۔

ٹیم انڈیا کو دن میں سب سے بڑا جھٹکا تب لگا جب جسپریت بمرہ گیند بازی کے لیے میدان میں نہیں آئے۔ حالانکہ جب وہ بلے بازی کرنے آئے تھے تو یہ امید بن گئی تھی کہ وہ گیندبازی کریں گے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس طرح ٹیم انڈیا کو صرف 161 رنوں کا بچاؤ کرنا کافی مشکل ہو گیا۔ صرف 2 ہی تیز گیندباز سے کھیل رہی ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو شروعاتی جھٹکے دیے اور اس کے 3 وکٹ 60 رنوں سے پہلے ہی گرا دیے، یہ تینوں وکٹ پرسدھ کرشنا نے لیے۔ لیکن اس کے بعد عثمان خواجہ (41) اور ٹریوس ہیڈ (ناٹ آؤٹ 34) اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے اور چوتھے وکٹ کے لیے اہم 46 رن جوڑے۔ یہاں پر محمد سراج نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے بیو ویبسٹر نے شاندار بلے بازی کا نمونہ پیش کرتے ہوئے ہیڈ کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کو آسانی سے جیت دلا دی۔ انہوں نے صرف 34 گیندوں پر 6 چوکے کی مدد سے 39 رن بنا دیے۔ صرف 2 تیز گیند بازوں سے مقابلہ کر رہی ٹیم انڈیا کو آخر میں 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے 10 برس کے بعد بارڈر-گواسکر ٹرافی پر قبضہ کر لیا ہے۔

واضح ہو کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ٹاس جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا نے پہلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں صرف 185 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں آسٹریلیائی بلے باز بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے اور ان کی پوری ٹیم صرف 181 رن پر آؤٹ ہو گئی تھی جس سے ہندوستان کو 4 رنوں کی معمولی سبقت مل گئی۔ لیکن اس کے بعد دوسری اننگز میں ایک بار پھر ہندوستانی بلے بازوں نے غیر ذمہ دارانہ بلے بازی کا ثبوت دیتے ہوئے صرف 157 رن بنائے۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم نے 6 وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرلیا۔ اسکاٹ بولینڈ کو ان کی شاندار گیندبازی کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں