ہندوستان نے یشسوی جیسوال کی 214 رنز کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری اور سرفراز خان کی 68 رنز کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف چار وکٹ پر 430 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی
راجکوٹ: ہندوستان نے یشسوی جیسوال کی 214 رنز کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری اور سرفراز خان کی 68 رنز کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن چار وکٹ پر 430 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی برتری 556 رنز تک پہنچ گئی اور انگلینڈ کو یہ میچ جیتنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ دن میں 557 رنز بنانے ہوں گے۔ یشسوی نے اپنی ڈبل سنچری میں 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کے لیے ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ یشسوی کی یہ لگاتار دوسری ڈبل سنچری ہے۔ سرفراز اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ سرفراز نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم جو کل دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 196 رنز سے آگے تھی، اس نے لنچ تک مزید دو 118 رنز جوڑے تھے اور دو وکٹیں گنوا دی تھیں۔ آج تیسری وکٹ کے طور پر شبھمن گل 91 رنز کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کلدیپ یادو بھی 26 رنز پر ریحان احمد کی گیند پر سلپ میں جو روٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ یشسوی جیسوال، جو تیسرے دن ریٹائرڈ ہرٹ تھے، شبھمن گل کے آؤٹ ہونے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور اپنی ڈبل سنچری اسکور کی۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹام ہارٹلے، جو روٹ اور ریحان احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد یشسوی جیسوال (104 ریٹائرڈ ہرٹ) کی سنچری اننگز کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے دن ہفتہ کو دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر 196 رنز بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
ہندوستان نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگز 319 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ 126 رنز کی برتری کے ساتھ ہندوستان نے دوسری اننگز میں کپتان روہت شرما 19 رنز اور رجت پاٹیدار صفر پر وکٹ گنوانے کے بعد 196 رنز بنا لیے تھے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر شبھمن گل 65 رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے اور نائٹ واچ مین کے کردار میں کلدیپ یادو تین رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
یشسوی جیسوال نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے ساتویں میچ میں 122 گیندوں میں نو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔ اس سے پہلے یشسوی نے آخری ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ پٹھوں میں کھچاؤ کی وجہ سے یشسوی کو 104 رنز کے ذاتی اسکور پر ریٹائر ہرٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا تھا۔
اس سے پہلے ہندوستانی گیند بازوں نے مہمان بلے بازوں کو جکڑ رکھا تھا۔ بین ڈکٹ کے 153 رنز کے علاوہ کوئی اور انگلش بلے باز کریز پر اثر انداز ہونے میں ناکام رہا۔ اولی پوپ 39 رنز اور کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر کچھ دیر کریز پر رہ کر ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کرنے کی ہمت دکھائی۔ محمد سراج (84 رنز پر چار وکٹ)، کلدیپ یادو (77 رنز پر دو وکٹ)، رویندر جڈیجہ (دو وکٹ) اور جسپریت بمراہ (ایک وکٹ) نے انگلینڈ کی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
;