Wednesday, January 1, 2025
ہومSportsراولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط


  • راولپنڈی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل
  • انگلینڈ پاکستان کی پہلی اننگز کے ٹوٹل سے 53 رنز پیچھے ہے جب کہ اس کی تین وکٹیں گر چکی ہیں۔
  • پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی انگلش بلے بازو کو چکرائے رکھا۔
  • پاکستان نے سعود شکیل کی شان دار سینچری کی بدولت پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے ہیں اور وہ پاکستان کی پہلی اننگز کے ٹوٹل سے اب بھی 53 رنز پیچھے ہے۔

انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ، زیک کرالی اور اولی پوپ پویلین لوٹ چکے ہیں جب کہ جو روٹ اور ہیری بروک کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بھی ساجد خان اور نعمان علی کی اسپن بالنگ کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ نعمان علی نے دو جب کہ ساجد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی ہے۔

دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو سعود شکیل اور کپتان شان مسعود نے 73 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کا اسکور 99 ہوا تو شان مسعود شعیب بشیر کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 26 رنز بنائے۔

سعود شکیل کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں نے پاکستان کا اسکور 151 تک پہنچا دیا۔ لیکن محمد رضوان 25 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر ہی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

عام جمال کو جب 14 رنز پر ریحان احمد نے بولڈ کیا تو پاکستان کی سات وکٹیں 177 رنز پر گر چکی تھیں اور وہ انگلینڈ کے پہلی اننگز کے ٹوٹل سے 90 رنز پیچھے تھا۔

اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شاید انگلینڈ پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن لنچ کے بعد سعود شکیل اور نعمان علی نے جم کر بیٹنگ کی۔

نعمان علی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے رہے جب کہ سعود شکیل نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ پاکستان کا اسکور جب 265 ہوا تو نعمان علی کو شعیب بشیر نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ 45 رنز بنا سکے۔

نعمان علی کے بعد ساجد خان نے بھی سعود شکیل کا بھرپور ساتھ دیا اور اس دوران سعود شکیل نے اپنی سینچری بھی مکمل کر لی۔ ساجد خان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف برتری دلا دی۔ سعود شکیل 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ساجد خان 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان کی اننگز 344 رنز پر سمٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے چار، شعیب بشیر نے تین، جیک لیچ نے ایک اور گس ایٹکنشن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 267 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں